نئی دہلی، 12 مئی (ہ س)۔
امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی خبر آتے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے مسلسل گراوٹ کا سامنا کر رہا خام تیل آج گزشتہ دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ خام تیل کی قیمت میں آج ایک ہی دن میں تین فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
آج کے اضافے کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت ہندوستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے 3.70 فیصد اضافے کے ساتھ 66.38 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ 4 فیصد اضافے کے ساتھ 63.59 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پانے کے بعد بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی مانگ بڑھ سکتی ہے۔ تاہم یہ تیزی کب تک رہے گی اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس نے جون کے مہینے میں خام تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو خام تیل کی دستیابی طلب سے زیادہ ہوسکتی ہے جس سے بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک بار پھر کمی واقع ہوسکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ