جموں, 12 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز آر ایس پورہ سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کانسٹیبل دیپک چنگاخم اور سب انسپکٹر محمد امتیاز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
بی ایس ایف کے مطابق، کانسٹیبل دیپک چنگاخم 10 مئی کو بین الاقوامی سرحد پر تعیناتی کے دوران پاکستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور 11 مئی کو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ سب انسپکٹر محمد امتیاز بھی اسی روز اسی مقام پر فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوئے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شہداء کو گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انتظامیہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔بی ایس ایف نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ ڈی جی بی ایس ایف اور تمام رینکس، کانسٹیبل دیپک چنگاخم اور سب انسپکٹر محمد امتیاز کی فرض کی راہ میں دی گئی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر