جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل
جموں، 12 مئی (ہ س)۔ جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر اتوار کی شب رامبن کے نزدیک مروگ کے مقام پر سڑک کا ایک حصہ دھنس جانے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدرفت معطل ہو گئی۔ ٹریفک محکمہ کے ایک اہلکار کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 10 بجے پیش آیا، جس کے نتیجے میں شاہراہ کے دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہو گئیں۔
متاثرہ مقام پر بحالی کا کام نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ شاہراہ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والا واحد ہمہ موسمی رابطہ ہے۔ محکمہ ٹریفک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کی مکمل بحالی تک سفر سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق دونوں طرف سے ٹریفک کی آمدورفت کی بحالی سے متعلق فیصلہ آج این ایچ اے آئی کی منظوری کے بعد ہی لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر