ڈپٹی کمشنر پونچھ نے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
جموں، 12 مئی (ہ س)۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کندل نے حالیہ سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اُن کے ہمراہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے محلہ قاضی موہڑہ، ڈنگس، سرائیں، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس، جامعہ ضیاء العلوم، گیتا بھون، کمسار، ریڈیو اسٹیشن، گوردوارہ سنگھ سبھا اور کما خان سمیت متعدد متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا، جہاں گولہ باری کے باعث رہائشی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ نقصانات کا مکمل اور مفصل جائزہ لے کر فوری رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں اور اداروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ امدادی کارروائیاں مقامی ایجنسیوں کے ساتھ مؤثر رابطے کے تحت فوری طور پر شروع کریں۔ڈپٹی کمشنر آئندہ دنوں میں دیگر متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے تاکہ صورتحال کا خود جائزہ لے کر بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر