جموں، 11 مئی (ہ س)۔
پاکستانی گولہ باری میں شدید زخمی ہو کر شہید ہونے والے نوجوان فوجی رائفل مین سنیل کمار کو آج اُن کے آبائی گاؤں ٹریوا (ارنیا سیکٹر) میں اشکبار الوداع کہا گیا۔ 25 سالہ سنیل کمار جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری رجمنٹ سے وابستہ تھے اور ہفتہ کی صبح آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔سنیل فوجی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، اُن کے والد سابق فوجی ہیں جبکہ دونوں بڑے بھائی بھی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی وطن کی خدمت کا جذبہ رکھتے تھے۔آٹھ مئی کو پاکستانی گولہ باری کے بعد ٹریوا گاؤں کے بیشتر مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا، لیکن جب شہید کا جسد خاکی ترنگے میں لپٹا گاؤں لایا گیا تو پورا علاقہ غم و فخر سے بھر گیا۔ پرمندل میں ان کی آخری رسومات مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی گئیں۔سابق سرپنچ بلبیر کور نے کہا کہ سنیل شریف نوجوان تھا اور جلد شادی کرنے والا تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ایک بار پھر پاکستان کو سخت جواب دینے کا موقع کھو دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر