دہلی لکھنؤ ریل روٹ پر تقریباً آدھے گھنٹے تک ریل کی آمدورفت مکمل طور پر متاثر رہی
مرادآباد، 11 مئی (ہ س)۔ دہلی-لکھنؤ ریلوے روٹ پر چلنے والی ایک مال گاڑی اتوار کی صبح اتر پردیش کے مراد آباد ضلع کے کٹگھر تھانہ علاقے میں رام گنگا ندی کے پل پر دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور کافی تگ و دو کے بعد گاڑی کو ٹھیک کرکے آگے روانہ کیا۔ اس دوران دہلی-لکھنؤ ریل روٹ پر تقریباً آدھے گھنٹے تک ریل کی آمدورفت مکمل طور پر متاثر رہی۔
شمالی ریلوے کے مرادآباد ریلوے ڈویژن کے سینئر ڈیویژنل کمرشل منیجر آدتیہ گپتا نے بتایا کہ اتوار کی صبح 6.00 بجے دہلی-لکھنؤ ریلوے لائن پر چلنے والی ایک مال گاڑی کٹگھر تھانہ علاقے میں واقع رام گنگا ندی کے پل پر پہنچنے پر اچانک دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ یہ حادثہ جوڑا ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، اسٹیشن ماسٹر اور انجینئروں کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ کافی محنت کے بعد ٹرین کو ٹھیک کرکے یہاں سے روانہ کیا گیا۔
مسٹر گپتا نے کہا کہ اس دوران دہلی لکھنؤ ریلوے لائن آدھے گھنٹے تک مکمل طور پر بلاک رہی۔ مال گاڑی کے روانہ ہونے کے بعد ریل آپریشن بحال کیا جا سکا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی