چنڈی گڑھ، 8 اپریل (ہ س)۔ پنجاب کے سابق وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر منورنجن کالیا کی جالندھر واقع رہائش گاہ پر رات تقریباً 10 بجے گرینیڈ سے حملہ کیا گیا ہے۔ کالیا گھر پر ہی تھے۔ پورا خاندان سو رہا تھا۔ وہاں ایک سیکورٹی گارڈ ڈیوٹی پر تھا۔ باقی وہاں کی بیرکوں میں تھے۔ سابق وزیر کالیا کی رہائش گاہ پر گرینیڈ حملے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام ان کے گھر پہنچ گئے۔
کالیا کی رہائش گاہ اور آس پاس کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تین نوجوان حملہ آور ایک ای رکشہ اور ایک بائک پر آئے تھے۔ ان نوجوانوں میں سے ایک نے کالیا کے گھر کی طرف گرینیڈ پھینکا۔ جس سے زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز سن کر کالیا کے سیکورٹی انچارج نشان سنگھ اور دیگر پولیس اہلکار وہاں پہنچے۔ انہوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق، سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ حملہ آور ایک ای رکشہ میں آیا اور اس کے دو ساتھی، جو موٹر سائیکل پر آئے تھے، کچھ فاصلے پر کھڑے تھے۔ دستی بم پھینکنے کے بعد ملزمان تھانے کی طرف بڑھے۔ ایک ریلوے اسٹیشن کی طرف اور تیسرا شاستری مارکیٹ کی طرف بھاگا۔
اس واقعہ پر کالیا نے کہا کہ انہیں لگا کہ گھر کے باہر ٹرانسفارمر میں دھماکہ ہوا ہے۔ چند منٹ بعد گھر سے تھوڑی دور واقع ڈھابے پر موجود کارکن اور پولیس اہلکار پہنچے تو معلوم ہوا کہ گرینیڈ سے حملہ ہوا ہے۔ باہر جا کر دیکھا تو گھر کے شیشے اور دروازے ٹوٹے ہوئے تھے۔ جالندھر کے پولیس کمشنر دھن پریت نے کہا کہ افسران اور فورینسک ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے اہم سراغ ہاتھ لگے ہیں۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن