نئی دہلی، 7 اپریل (ہ س)۔ اتوار کی دیر رات، جنوب مغربی ضلع کے دہلی کینٹ تھانہ علاقے کے کبری پیلس مین روڈ پر ایک پاگل عاشق نے سبزی کاٹنے والے چاقو سے اپنی گرل فرینڈ پر حملہ کیا اور اسے شدید زخمی کر دیا۔ اس کے بعد اس نے خود پر بھی چاقو سے حملہ کیا اور سڑک پر گر کر زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ کل رات تقریباً 9.30 بجے پیش آیا۔ پیر کو، جنوب مغربی ضلع کے ڈی سی پی سریندر چودھری نے کہا کہ زخمیوں کی شناخت امیت (20) اور وجے لکشمی (19) کے طور پر ہوئی ہے۔ لڑکی ننگل دیو میں رہتی ہے جبکہ لڑکا دہلی کینٹ میں کپڑے کی دکان پر کام کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ عاشقی کا ہے۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم اور متاثرہ نے گزشتہ ایک سال سے آپس میں بات کرنا بند کر دیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ پاگل عاشق چیختا چلاتا اپنی گرل فرینڈ کے پاس پہنچا اور پلک جھپکتے ہی اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ گرل فرینڈ کا گلا کٹتے ہی خون کی ندی بہنے لگی اور وہ زمین پر گر گئی۔ اس کے بعد ملزم نے اپنے سینے سمیت کئی مقامات پر چھرا گھونپ کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ دونوں کچھ دیر تک خون میں لت پت سڑک پر پڑے رہے۔ کچھ دیر بعد راہگیروں نے لڑکی کی گردن سے خون بہنے سے روکنے کے لیے کپڑا باندھ دیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی ماں گھر کی صفائی کا کام کرتی ہے۔ فی الحال پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی