جموں, 7 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر اسمبلی میں پیر کو وقف (ترمیمی) ایکٹ پر بحث کے لیے سوالات کا وقت ملتوی کرنے سے انکار پر شدید ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بجٹ سیشن کے دوران ایوان کی کارروائی ملتوی کی گئی۔جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا، نیشنل کانفرنس کے اراکین نذیر گوریزی اور تنویر صدیقی کی قیادت میں وقف قانون پر بحث کے لیے سوالات کا وقت ملتوی کرنے کی تحریک پیش کی گئی، جس کے لیے نیشنل کانفرنس، کانگریس اور چند آزاد ارکان سمیت نو اراکین نے اسپیکر کو نوٹس دیا تھا۔تاہم بی جے پی نے، ایوان کے لیڈر سنیل شرما کی قیادت میں، اس تحریک کی مخالفت کی، جس کے باعث ایوان میں شدید شور شرابہ شروع ہو گیا جو دو منٹ سے زائد جاری رہا۔اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے ایوان کے قاعدہ 58 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس لیے سوالات کا وقت ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایوان میں ملتوی کی اجازت نہیں دے سکتا کیونکہ معاملہ عدالت میں ہے۔اس انکار پر نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر