جالنہ ، 3 اپریل (ہ س) مہاراشٹر کے جالنہ ضلع میں ایک شخص پر گائے کو
بے رحمی سے قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر
لیا ہے۔ واقعہ تحصیل پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع جمواڑی گاؤں میں پیش آیا، جہاں
ملزم نے مبینہ طور پر دودھ نہ دینے پر گائے پر وحشیانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں
وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔
پولیس کے مطابق، ملزم منگل کے روز اپنی
گائے کا دودھ نکالنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن گائے نے دودھ دینے سے انکار کر دیا
اور اسی دوران اس نے زور سے لات مار دی۔ اس پر مشتعل ہو کر ملزم نے ایک کوڑا
اٹھایا اور گائے کے سر پر پوری قوت سے وار کر دیا، جس سے گائے موقع پر ہی دم توڑ
گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں ہلچل
مچ گئی اور گاؤ رکھشک گروپوں سمیت بجرنگ دل کے کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے،
جنہوں نے شدید احتجاج کیا۔ ان کی شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے
سنہتا کی دفعہ 325 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جو جانوروں پر ظلم اور انہیں جان
بوجھ کر نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید
تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان