'عبیر گلال' کے بائیکاٹ کے مطالبے کے درمیان یوٹیوب سے گانے ہٹا دیے گئے
پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم 'عبیر گلال' 9 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھی لیکن پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر فلم کی ریلیز فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ نئی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
پاکستانی اداکار فواد خان 9 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کر رہے ہیں جس میں وہ وانی کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ حال ہی میں مہاراشٹر نونرمان سینا نے اس فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سوشل میڈیا پر فلم کے بائیکاٹ کی آوازیں بلند ہو گئی ہیں۔ اب ان تنازعات کے درمیان 'عبیر گلال' کے دونوں گانوں یعنی 'خدایا عشق' اور 'انگریزی رنگرسیا' کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اب تک فلم 'عبیر گلال' کے دو گانے 'خدایا عشق' اور 'انگریزی رنگرسیا' ریلیز ہو چکے ہیں۔ تاہم اب ان دونوں گانوں کو بغیر کسی سرکاری وضاحت کے یوٹیوب انڈیا سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان گانوں کو فلم کے آفیشل میوزک رائٹس ہولڈر ساریگاما کے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ گانے کو ہٹانے کے حوالے سے فی الحال پروڈیوسرز کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
وانی کپور اور فواد خان کے ساتھ فلم ’عبیر گلال‘ میں ردھی ڈوگرا، فریدہ جلال، سونی رازدان، راہل ووہرا اور لیزا ہیڈن جیسے باصلاحیت اداکار بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری آرتی ایس باگدی نے کی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی