بھوپال کے آدم پور کھنتی میں زبردست آگی، 50 فٹ بلند آگ کے شعلے، 10 کلومیٹر دور سے دھواں دکھائی دے رہا
بھوپال، 22 اپریل (ہ س)۔ راجدھانی بھوپال کے آدم پور میں واقع کچرہ کھنتی میں منگل کی دوپہر زبردست آگ لگ گئی۔ آگ کے شعلے اتنے شدید تھے کہ دھواں 10 کلومیٹر دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔ تاہم دو گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
دراصل میونسپل کارپوریشن نے آدم پور چھاونی میں کچرہ کھنتی کی شفٹنگ کی ہے۔ ایسے میں پورے شہر کا کچرا یہاں پھینکا جاتا ہے۔ منگل کی دوپہر ایک بجے کے قریب کھنتی میں پڑے کچرے میں آگ بھڑک اٹھی جو آہستہ آہستہ شدید ہوتی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ کھنتی کے مین گیٹ کے قریب آر ڈی ایف کے ڈھیر سے اچانک دھواں نکلنے لگا۔ آگ لگنے پر وہاں موجود ملازمین نے کچرا ہٹانے کی کوشش کی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ بجھانا شروع کیا گیا۔
ضلع ممبر سنتوش پرجاپتی نے بتایا کہ کچرے سے اٹھنے والا دھواں آس پاس کے کئی گاؤں تک پہنچ گیا۔ جس کی وجہ سے لوگوں کی آنکھوں میں جلن ہونے لگی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ ہر سال کچرے کے کھنتی میں آگ لگ جاتی ہے اور ہزاروں کوئنٹل کچرا جل جاتا ہے۔ ضلع ممبر پرجاپتی کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں آگ لگنے کے واقعات اکثر ہوتے ہیں۔ چند روز قبل بھی شدید آگ لگی تھی جس پر کافی دیر بعد قابو پالیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن