حیدرآباد، 20 اپریل (ہ س)۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے لکھے ہوئے آئین کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان کے لوگ وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف اپنی جدوجہد میں کسانوں کے دکھائے ہوئے راستے پر چلیں گے جنہوں نے مرکز کو تین متنازعہ فارم بلوں کو منسوخ کرنے پر مجبور کیا۔
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے واپس نہیں لیا جاتا۔ اویسی نے کہا، ’’آپ (پی ایم مودی) کو یہ قانون واپس لینا پڑے گا۔ ہم اسی طرح احتجاج کرتے رہیں گے جس طرح ہمارے کسان بھائیوں نے راستہ دکھایا ہے۔ جب تک اس قانون کو واپس نہیں لیا جاتا، ملک میں پرامن احتجاج جاری رہے گا۔‘‘
اویسی نے یاد دلایا کہ اے آئی ایم آئی ایم تین طلاق اور بابری مسجد پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ ہم تین طلاق کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں کیونکہ ہم آئینی اخلاقیات پر یقین رکھتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آر ایس ایس آئین پر یقین رکھتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کرتی۔
اویسی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈروں کے بیان کی بھی تردید کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماوں کے ذریعہ انتباہ دینے پر کہ وقف ترمیمی ایکٹ کی مخالفت کرنے والے لوگ مذہبی جنگ چھیڑیں گے پر اویسی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھگوا پارٹی ہے جو ہندوستان کے آئین کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کس طرح ہندوستان میں مسلم اقلیت نے تین طلاق، شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے)، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کو مضبوط کرنے اور اب یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو نافذ کرنے کی مرکز کی کوششوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مسلم کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور شیعہ کمیونٹی کے ذیلی فرقوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو یہ سمجھائیں کہ جو ایکٹ ہندووں یا سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹیوں پر لاگو ہوتا ہے وہ وقف املاک پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔
اے آئی ایم آئی ایم لیڈر نے کہا، ’’کیا آپ (جمع ہونے والے لوگ) طویل عرصے سے جاری جمہوری لڑائی کے لیے تیار ہیں؟ اگر آپ تیار ہیں، تو اپنے آپ سے وعدہ کریں کہ جب تک یہ کالا قانون واپس نہیں لیا جاتا، ہم احتجاج جاری رکھیں گے اور ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور کئی دوسرے لوگوں نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔
قبل ازیں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل پر انہوں نے اپنے کارکنوں اور اجلاس میں شرکت کے خواہشمند تمام لوگوں سے اپیل کی کہ جلسہ عام کا انعقاد کسی مذہب یا برادری کے خلاف نہیں ہے۔ یہ مرکزی حکومت کی طرف سے لائے گئے کالے قانون کے خلاف ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام پرامن طریقے سے جلسہ گاہ پہنچیں اور بلا ضرورت نعرے بازی نہ کریں۔ اویسی نے کہا، ’’ہم نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہمارے شہر حیدرآباد میں حالات پرامن رہیں۔ ہمیں ایسا کرتے رہنا چاہیے۔ کوئی غیر قانونی سرگرمی نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن