بانسواڑہ، 2 اپریل (ہ س)۔ بانسواڑہ پولیس نے جعلی نوٹوں کے ایک بڑے بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے اور سرغنہ ملزم سکھرام تمبولیا کو گرفتار کیا ہے۔
18 مارچ 2025 کو پولیس نے دھولی گڑھ کے رہنے والے مہیش کٹارا کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ایک لاکھ 39 ہزار 300 روپے مالیت کے 100، 200 اور 500 روپے کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ نوٹ چھاپنے کے لیے استعمال ہونے والا پرنٹر بھی ضبط کر لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران مہیش نے انکشاف کیا کہ اسے رمیش کے ذریعے کھنٹا گلیہ کے رہنے والے کملیش تمبولیا سے 2 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ ملے تھے۔
ملزم کملیش کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر، پولیس نے گجرات کے داہود سے دو اضافی پرنٹر برآمد کیے، جن کا استعمال جعلی نوٹ چھاپنے کے لیے کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ سکھرام تمبولیا سے 15000 روپے کے جعلی نوٹ بھی ضبط کیے گئے۔
جانچ میں پتہ چلا کہ کملیش اور سکھرام نے مل کر جعلی نوٹ چھاپے تھے۔ اس کا نیٹ ورک راجستھان، گجرات اور دیگر ریاستوں تک پھیلا ہوا تھا۔ ملزمان نے جھالودہ اور داہود کے مختلف مقامات پر لاکھوں روپے مالیت کے جعلی نوٹ چھاپے تھے۔ ان میں سے 2 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ مہیش کو دیے گئے تھے، جب کہ 3 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ سکھرام کے پاس بتائے جاتے ہیں۔ پولیس اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔
اس معاملے میں اب تک کل 10 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس ٹیم گینگ کے باقی ارکان کی تلاش میں مصروف ہے۔ تفتیش میں استعمال ہونے والے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کی برآمدگی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش وردھن اگروالا کی رہنمائی میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجیش بھردواج اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ سنگھ شکتیوت کی قیادت میں تشکیل دی گئی پولیس ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ گینگ بڑے پیمانے پر جعلی نوٹوں کی اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی