میلان، 17 اپریل (ہ س)۔
انٹر میلان نے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میچ میں بائرن میونخ کو 3-4 کے مجموعی اسکور سے شکست دے کریوئیفا چیمپئنز لیگ 25-2024 کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
بدھ کی دیر رات سان سیرو اسٹیڈیم میں ہوئے دوسرے لیگ مرحلے کا مقابلہ 2-2 کی برابری پر ختم ہوا، لیکن پہلے مرحلے میں 1-2 سے جیت کی بدولت آخری چار میں داخلہ لیا۔ اب سیمی فائنل میں انٹر کا مقابلہ بارسلونا سے ہوگا۔
بارش اور تیز ہواوں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں پہلے ہاف تک دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی گول نہیں ہوا۔ تاہم دوسرے ہاف میں میچ دلچسپ ہوگیا۔ بائرن کے اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین نے 52ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کر دیا اور میچ میں نئی جان ڈال دی۔
اس کے بعد انٹر کے کپتان لوٹارو مارٹینیز نے 58ویں منٹ میں گول کر کے انٹر کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ صرف تین منٹ بعد بنجامن پاوارڈ نے شاندار ہیڈر گول کرکے انٹر کو فیصلہ کن برتری دلادی۔
75ویں منٹ میں ایرک ڈائر نے بائرن کے لئے ہیڈر کے ذریعہ گول کر کے میچ کو ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا۔ اس کے بعد بائرن نے برابری کے لیے مسلسل دباو ڈالا۔ اسٹاپیج ٹائم میں ہیری کین کا ہیڈر انٹر کے گول کیپر یان سمر نے شاندار طریقے سے روک لیا اور یہیں سے انٹر کی فتح یقینی ہوگئی۔
انٹر میلان کے شائقین نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج میں پہلے 20 منٹ تک اسٹیڈیم میں خاموشی اختیار کی۔ اس کے بعد شائقین نے زور شور اور گانوں سے اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔
انٹر اب 2010 کی دہائی کے جوسے مورنہو دور کی طرح ایک بار پھر سیری اے، چیمپئنز لیگ اور اطالوی کپ ٹریبل جیتنے کے راستے پر گامزن ہے۔ ٹیم اس وقت اطالوی لیگ ٹیبل میں نیپولی سے تین پوائنٹس کی برتری پر ہے اور ڈومیسٹک کپ کے سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ اے سی میلان سے ہونا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن