نئی دہلی،16اپریل(ہ س)۔جامعہ ملیہ اسلامیہ میں تعلیمی سیشن دوہزارپچیس چھبیس کے لیے گیارہویں جماعت سائنس، آرٹس،کامرس میں داخلے کے لیے ریکارڈ نمبر میں درخواستیں موصول ہوئیں اور مورخہ بارہ تیرہ اپریل دوہزارپچیس کو منعقدہ انٹرنس ٹسٹ میں نوے فی صد امیدوار شریک بھی ہوئے۔ قومی سطح پر تقریباً ساڑھے بائیس ہزار امیدوارداخلہ ٹسٹ میں شریک ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ دس ہزار طلبہ سری نگر، کولکتہ،پٹنہ اور لکھنو سے داخلہ ٹسٹ میں شریک ہوئے جس سے سفر کے اخراجات میں کمی کے ساتھ دور دراز علاقوں سے سفر کرنے کی زحمت سے بھی طلبہ کو راحت ملی۔ اس موقع پر ڈپٹی کنٹرولر امتحانات،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ ’اس سال داخلہ کی کاروائی کا قابل تحسین عمل یہ تھا کہ شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اس کا مکمل انتظام و انصرام ان ہاوس کیا گیا تھا جس میں کوئی تیسری پارٹی شامل نہیں تھی۔“ اس سال داخلہ کاروائی کی دوسری خاص بات یہ تھی کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کیمپس کے اندر نئے داخلہ ٹسٹ سینٹر بھی بنائے گئے۔ نئے داخلہ ٹسٹ سینٹروں میں ایم ایم اے جے اکیڈمی بلڈنگ، نوم چومسکی کامپلیکس بلڈنگ، فیکلٹی آف ڈینسٹسٹری بلڈنگ، ہند عرب کلچر بلڈنگ اور سینٹر فار نینو سائنسز کی عمارتیں شامل ہیں۔اس سے جامعہ میں ہی بارہ سو مزید سیٹں نکل آئیں اور جس کی وجہ سے دہلی میں کیندریہ ودیالیوں کی ضرورت ختم ہوگئی۔ جامعہ کے اندر ہی داخلہ ٹسٹ کرانے کے اس انتظام سے یونیورسٹی کے وسائل میں بچت بھی ہوئی اس کے علاوہ معیار سمجھوتہ کیے بغیر داخلہ ٹسٹ بھی بہتر انداز میں انجام پاگئے۔ داخلہ ٹسٹ کی کامیابی کا سہرا شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف اور جامعہ کے مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی فعال اور صاحب بصیرت قیادت کو جاتاہے جنھوں نے جلد فیصلہ لینے اور پورے داخلہ ٹسٹ کے دوران مکمل انتظامی مدد کی فراہمی سے ممکن بنایاہے۔ پروفیسر پون کما ر شرما کنٹرولر آف ایکزامینشن (سی او ای) اور ان کی پوری ٹیم نے جامعہ اسکول کے ٹسٹ کو خوش اسلوبی سے کرانے میں بیش قیمت تعاون دیاہے۔انتظامیہ کے اور سی او ای،سینٹر آبزرور،سپرانٹینڈینٹس، نگراں، سیکوریٹی مشیر، سکوریٹی اہل کار،دہلی پولیس کے علاوہ کیوں کہ دہلی پولیس اور این ایس ایس ٹیم نے بھی اپنی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں اور انتہائی مستعدی اور چاق و چوبند رہ کر قومی سطح کے داخلہ ٹسٹ کی پوری کاروائی کامیابی سے مکمل کرانے میں اپنا مکمل تعاون دیاہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais