آٹو ڈرائیور نے ایک ساتھ 18 بچوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی
امریا، 15 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے امریا ضلع کے نوروز آباد تھانے کے تحت گاوں بودلی سے 18 بچوں کے اغوا کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حالانکہ جرم ناکام رہا اور ملزم کو آٹو چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نویدیتا نائیڈو کا کہنا ہے کہ فی الحال اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور جانچ کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
جانکاری کے مطابق یہ واقعہ نوروز آباد تھانہ کے تحت گاوں بودلی میں پیش آیا، گاوں رہٹھا سے 18 معصوم بچوں کو ایک آٹو میں لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران کچھ بچوں نے بیداری کا مظاہرہ کیا۔ وہ اغوا کاروں کے چنگل سے بچ کر بھاگے اور گھر واپس پہنچ گئے، جس کے بعد سارا معاملہ سامنے آیا۔ تقریباً تمام بچوں کو اغوا کاروں کے چنگل سے چھڑا لیا گیا ہے۔
پولیس نے پیر کو بتایا کہ رہٹھا گاوں سے 3 کلومیٹر دور گاوں بودلی میں بچوں سے بھرا آٹو رکشہ پکڑا گیا ہے۔ ایک یا دو بچوں کو رسی سے باندھنے کی بھی خبر ہے۔ اس واقعہ کے بعد متعلقہ نوروز آباد پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس متحرک ہوگئی اور آٹو کو برآمد کرکے تمام مغوی بچوں کو بازیاب کرایا۔
بتایا جاتا ہے کہ اغوا کیے گئے تمام بچوں کی عمریں 10 سال سے کم ہیں۔ اس معاملے سے متعلق آٹو ڈرائیور فی الحال موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ تھانہ انچارج راجیش مشرا نے بتایا کہ تمام بچوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے اور واقعہ کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن