پونے، 12 اپریل (ہ س)۔ نوجوان کھلاڑیوں شریولی بھامدیپتی اور ویدیہی چودھری کی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم انڈیا نے جمعہ کی شام بلی جین کنگ کپ ایشیا-اوشیانا گروپ 1 میں چائنیز تائپے کو 1-2 سے شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنانے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا۔ اپنی مسلسل تیسری جیت کے ساتھ میزبان ٹیم اس باوقار ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر چلی گئی۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد پونے کے مہالنگے بالیواڑی ٹینس کمپلیکس میں ایم ایس ایل ٹی اے کے ذریعہ آئی ٹی ایف، اے آئی ٹی اے اور پی ایم ڈی ٹی اے کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
یہ ویدیہی چودھری کی ایک اور کامیاب کارکردگی تھی۔ اس بار انہوں نے فینگ این لن کے خلاف دو میچوں میں دوسری جیت درج کی۔ سنگلز میں 351 ویں نمبر پر موجود بھارتی اسٹار نے پہلے سیٹ پر غلبہ حاصل کیا لیکن ان کی حریف نے فیصلہ کن سیٹ کے لئے مجبور کردیا۔ حالانکہ ویدیہی نے شاندار جواب دیا اور بالآخر 2 گھنٹے 9 منٹ میں 2-6، 7-5، 4-6 سے جیت لیا۔ ان کی اس جیت سے بھارت کو اس اہم مقابلے میں 0-1کی برتری ملی۔
دوسرے میچ میں شریولی بھامدیپتی نے ایک اور جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھا۔ انہوں نے 207ویں نمبر کی جوانا گارلینڈ کے خلاف سخت مقابلے میں مسلسل چوتھی جیت درج کی۔ ہندوستان کی سب سے زیادہ ہونہار اسٹار میں سے ایک 304 ویں رینک والی شریولی نے پہلے سیٹ پر غلبہ حاصل کیا اور آخر کار 2 گھنٹے 38 منٹ میں 2-6، 6-7 (3-7) کے اسکور کے ساتھ میچ ختم کردیا۔
دن کے فائنل میچ میں چائنیز تائپے کی ڈبلز جوڑی یی تسین چو اور پھینگ ہسین وو نے انکیتا رینا اور پرارتھنا تھومبرے کی بھارتی جوڑی کو شکست دی۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد تجربہ کار ہندوستانی جوڑی نے زبردست واپسی کی اور دوسرا سیٹ جیت لیا۔ بدقسمتی سے، میزبان ٹیم سپر ٹائی بریک میں کلین سویپ مکمل نہ کر سکی، آخر کار اسے ایک گھنٹہ 31 منٹ میں 6-2، 4-6، 10-6 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن