حیدرآباد۔11 ، اپریل (ہ س) تلنگانہ حکومت نے 9 اپریل کو ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ایسی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن پلیٹس (ایچ ایس آر پی) لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے جو یکم اپریل 2019 سے پہلے تیار کی گئی ہیں۔حکومت نےایچ ایس آر پی نمبر پلیٹس لگوانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 مقرر کی ہے۔ اگر کوئی گاڑی مالک اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کے تحت کارروائی کی جائے گی، اور بغیرایچ ایس آر پی پلیٹس کے چلنے والی گاڑیوں پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔ایسی گاڑیاں جن پر نقل یا اسمارٹ نمبر پلیٹس، ہولوگرام یا آئی این ڈی مارک والی جعلی پلیٹس لگی ہوئی ہوں، ان کے لیے بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لازمی طور پر اپنی پلیٹس اصل ایچ ایس آر پی سے تبدیل کروائیں۔حکومت نے تمام انشورنس کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ بغیرایچ ایس آر پی کے کسی بھی گاڑی کا انشورنس جاری یا تجدید نہ کیا جائے۔ اسی طرح تمام پولوشن ٹیسٹنگ سینٹروں کو بھی اسی ہدایت پر عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ 30 ستمبر 2025 کے بعد بغیرایچ ایس آر پی پلیٹس والی گاڑیوں کو سڑک پر نہ چلنے دیا جائے اور ان پر مقدمات درج کیے جائیں۔گاڑی پرایچ ایس آر پی اور ہولوگرام پر مبنی کلر اسٹیکر لگوانا گاڑی مالک کی ذمہ داری ہے، حکومت کے حکم نامے میں کہاگیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق