نئی دہلی، یکم اپریل (ہ س)۔ نئے مالی سال کا پہلا دن ملک کے عام آدمی کے لیے بڑی راحت لے کر آیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج گیس سلنڈر کی قیمت میں تبدیلی کی ہے۔ ملک بھر میں 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں 41 روپے کی کمی کردی گئی ہے۔ نئی قیمت کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔ اب دہلی میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر 1762 روپے (خوردہ قیمت) میں دستیاب ہوگا۔ گھریلو سلنڈر کے نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کٹوتی سے قبل دہلی میں 19 کلوگرام وزنی تجارتی ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت 1803 روپے تھی۔
تیل کمپنیوں کے اس فیصلے سے ان کروڑوں لوگوں کو راحت ملے گی جو ڈھابوں، ریستورانوں، ہوٹلوں جیسی جگہوں پر کھانا پکانے کے لیے ان کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈروں کا استعمال کرتے ہیں۔ اس نئی کٹوتی کے بعد کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت کولکاتا میں 1872 روپے، ممبئی میں 1714.50 روپے اور چنئی میں 1924 روپے ہو گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تیل کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ترمیم کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن