نیویارک،30مارچ(ہ س)۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عید الفطر پر مبارکباد دیتے ہوئے جنگ زدہ علاقوں میں موجود مسلمانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں سیکریٹری جنرل نے ان لاکھوں افراد کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جو جنگ، تنازعات یا نقل مکانی کی وجہ سے اپنے خاندانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں نہیں منا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک موقع ہمیں یکجہتی، ہمدردی اور انسانیت کے فروغ کا درس دیتا ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ عید الفطر کا یہ مقدس دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ امن اور یکجہتی کے بغیر خوشی ناممکن ہے، میری دعا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اپنے خاندانوں کے ساتھ خوشیوں بھرے لمحات گزار سکیں اور جو لوگ مشکل حالات سے دوچار ہیں، ان کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہوں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ عید الفطر کے موقع پر ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے دنیا بھر میں امن و امان اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنا چاہیے۔انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ یہ عید دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کا باعث بنے اور دنیا کے ہر کونے میں بسنے والے لوگ ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھیں اور امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan