پولیس نے لاکھوں روپے کی لوٹ کا معاملہ حل کرلیا۔
فرید آباد، 30 مارچ (ہ س)۔ پولیس نے لاکھوں روپے کی لوٹ کا معاملہ حل کرلیا۔ بندوق کی نوک پر 6 لاکھ لوٹنے والے اس واقعہ کے سازشی منشی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ فرید آباد کے سیکٹر 19 کے رہنے والے تشار جندل نے اپنی شکایت میں بتایا کہ اس کی پرانے فرید آباد میں اسٹیل بار کی دکان ہے اور گڈو نامی شخص اس دکان میں کلرک کا کام کرتا ہے۔ ہفتہ کو اس نے گڈو کو انووا کار کے ساتھ اپنے گھر بھیجا تھا تاکہ رقم وصول کی جا سکے۔ گڈو گھر سے چھ لاکھ روپے لے کر آیا لیکن دکان نہیں پہنچا۔ ہم نے اس کے فون پر رابطہ کیا تو وہ بند تھا۔ کچھ دیر بعد اسے نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں فون کرنے والے نے بتایا کہ یہ گڈو ہے اور اسے لوٹ لیا گیا ہے اور وہ اپنی گاڑی کے ساتھ آئی ایم ٹی نہر پر کھڑا ہے۔ جب ہم وہاں پہنچے تو گڈو نے بتایا کہ جب وہ گاڑی میں پیسے لے کر گھر سے نکلا تو تھوڑا آگے ایک پلسر موٹر سائیکل پر تین لڑکے آئے اور کار کی سائیڈ پر مکے مارے جس پر اس نے گاڑی روکی تو تینوں لڑکوں نے گاڑی میں بیٹھ کر اسے یرغمال بنا کر آئی ایم ٹی فرید آباد لے گئے، جہاں انہوں نے چاقو اور بندوق کی نوک پر 6 لاکھ لوٹ لئے۔ شکایت پر پرانے فرید آباد پولس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اونچہ گاؤں کی کرائم برانچ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کیس کو حل کرتے ہوئے منشی گڈو کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ گڈو فرید آباد کی بھڈ کالونی کا رہنے والا ہے اور ڈھائی سال سے شکایت کنندہ کے ساتھ بطور کلرک کام کر رہا ہے۔ ہفتے کے روز، شکایت کنندہ نے گڈو کو رقم لینے کے لیے سیکٹر 19 میں واقع اس کے گھر بھیجا تھا، جہاں سے گڈو کو 6 لاکھ روپے ملے تھے۔ اس کے بعد اس نے ایک منصوبہ بنایا کہ وہ رقم گھر پر رکھے گا اور مالک کو ڈکیتی کی اطلاع دے گا۔ گڈو نے ایسا ہی کیا اور رقم اپنے گھر میں رکھی اور مالک کو ڈکیتی کی اطلاع دی۔ دوران تفتیش ملزم نے ساری حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ اس نے مالک کو ڈکیتی کی غلط اطلاع دی تھی اور کوئی ڈکیتی نہیں ہوئی تھی۔ اس نے رقم غبن کرنے کی سازش رچی تھی۔ جس پر کرائم برانچ کی ٹیم نے اسے گرفتار کر کے 6 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ ملزم کو تفتیش کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی