دنیا کی توجہ فلسطینی عوام کے مسائل کی طرف مبذول کرائی گئی
نئی دہلی 29مارچ(ہ س)۔
عالمی یوم القدس کے موقع پر ایس آئی او حلقہ دہلی نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی میںمرکز جماعت اسلامی ہند کے کیمپس میں ایک مظاہرہ کا انعقاد کیا۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی سطح پر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد نہ صرف مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا بلکہ فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کو عالمی برادری کے سامنے لانا ہے۔ اس سلسلے میں، ایس آئی او دہلی نے ایک خصوصی آرٹ نمائش کا بھی اہتمام کیا، جس میں فن و تخلیقیت کے ذریعے فلسطینی عوام کی مشکلات، ان کی مزاحمت اور ان کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔اس میں جہاں مقامی اور بین الاقوامی فنکاروں کے تخلیق کردہ شاہکار پیش کیے گئے وہیں ان فن پاروں میں نہ صرف فلسطین میں ہونے والے مظالم کی عکاسی کی گئی ہے بلکہ امید، حوصلہ اور آزادی کی جدوجہد کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔فلسطین گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا شکار ہے، جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، معصوم جانوں کا ضیاع، جبری بے دخلی، اور روزمرہ کی زندگی میں مشکلات ایک معمول بن چکی ہیں۔
عالمی یوم القدس منانے کا مقصد یہی ہے کہ دنیا کی توجہ فلسطینی عوام کے مسائل کی طرف مبذول کرائی جائے اور ان کے حقوق کی حمایت کی جائے۔ اس نمائش کا مقصد بھی یہی ہے کہ فن کے ذریعے فلسطین کی کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے اور لوگوں میں بیداری پیدا کی جائے۔اس نمائش میں مختلف فنکاروں کے تیار کردہ پینٹنگز، اسکیچز، ڈیجیٹل آرٹ، فوٹوگرافی، اور دیگر تخلیقی فن پارے شامل تھے، جو فلسطینی عوام کے درد و کرب، ان کے عزم و حوصلے اور ان کی ثقافت و تاریخ کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ یہ مظاہرہ صرف ایک آرٹ ایگزیبیشن نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا دیکھے کہ فلسطینی عوام کن مشکلات سے گزر رہے ہیں اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے آواز بلند کرے۔ فن ایک طاقتور ذریعہ ہے، جو کسی بھی کہانی کو جذباتی اور موثر انداز میں پیش کر سکتا ہے، اور ہم نے اسی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اس مظاہرہ کا انعقاد کیا ہے۔ آج کی مہذب دنیا میں یوں منصوبوں کا قتل عام پوری عالمی برادری کے لیے عار ہے۔ پوری دنیا کو فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور ببانگ دہل یہ اعلان کرنا چاہیے کہ اس دنیا میں صہیونی درندگی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais