پٹنہ،29مارچ(ہ س)۔
خدا بخش لائبریری(پٹنہ) کے سابق ڈائریکٹر اور ممتاز اسکالر ڈاکٹر عابد رضا بیدار کا 28 مارچ کو علی گڑھ میں انتقال ہو گیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عابد رضا بیدار ایک ممتاز دانشور، محقق اور خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری، پٹنہ کے سابق ڈائریکٹر تھے۔ ان کا دورِ انتظام خدا بخش لائبریری کے سنہری عہد کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے لائبریری کو نہ صرف تحقیقی مرکز کے طور پر ترقی دی بلکہ اسے قومی اور عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ ان کی علمی کاوشوں میں مخطوطات کی حفاظت، فہرست سازی، اور اسلامی تاریخ و ثقافت پر گہرا کام شامل ہے۔ ان کا انتقال علمی دنیا کا بڑا خسارہ ہے میں ان کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور بلندی درجات کے لیے دعا گو ہوں۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عابد رضا بیدار کے وڑن اور منفرد سوچ نے لائبریری کی شہرت میں غیر معمولی اضافہ کیا۔ وہ ایک بے باک مفکر بھی تھے، جنہوں نے بعض متنازعہ موضوعات پر بھی اپنی رائے دی۔ انھوں نے اردو کے سب سے بڑے محقق قاضی عبدالودود کے تمام مقالوں کو جمع کرکے اردو دنیا پر بڑا احسان کیا ہے۔ میں ان کے تمام پسماندگان خصوصاً ڈاکٹر شائستہ بیدار جو خود بھی کتب خانہ خدا بخش کی ڈائریکٹر رہی ہیں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا گو ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais