ضلع کٹھوعہ میں پولیس نے دو منشیات فروشوں پر پی ایس اے عائد کیا
جموں، 14 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت اقدام کرتے ہوئے ضلع کٹھوعہ میں دو بدنامِ زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے پبلک سیفٹی ایکٹ اور پریوینشن آف الیسٹ ٹریفک اِن نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹینسز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے دونوں مجرموں کو جیل منتقل کر دیا گیا۔
کٹھوعہ پولیس اسٹیشن کی ایک خصوصی ٹیم نے ایس ایچ او تھانہ کٹھوعہ کی قیادت اور ایس ایس پی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش پروین کمار ولد پریم چند ساکن چک دراب خان، کٹھوعہ کو گرفتار کر لیا۔یہ مجرم مختلف مقدمات میں ملوث تھا۔ پولیس نے ملزم کی مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے خلاف ڈوزیئر تیار کر کے ڈویژنل کمشنر جموں کو ارسال کیا۔ اس پر کاروائی کرتے ہوئے این ڈی پی ایس ایکٹ 1988 کے تحت اس کے خلاف حراستی وارنٹ جاری کیا گیا۔
پولیس نے فوری طور پر اس وارنٹ پر عملدرآمد کرتے ہوئے پروین کمار کو گرفتار کر کے ضلع جیل راجوری منتقل کر دیا۔دوسری کارروائی میں، ہیرا نگر پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے ایس ایچ او تھانہ ہیرا نگر کی قیادت میں ایک اور بدنامِ زمانہ منشیات فروش نریندر سنگھ عرف ننو ولد ساگر سنگھ ساکن دیا لاچک، ہیرا نگر کو گرفتار کر لیا۔ یہ مجرم بھی کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس نے اس کے خلاف بھی ڈوزیئر تیار کر کے ڈویژنل کمشنر جموں کو ارسال کیا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے وارنٹ جاری کیا گیا۔ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے نریندر سنگھ کو گرفتار کر کے ضلع جیل پونچھ منتقل کر دیا، تاکہ اس کی منشیات فروشی کی سرگرمیوں کو ہمیشہ کے لیے روکا جا سکے اور نوجوانوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ضلع کٹھوعہ کے عوام نے پولیس کی اس مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید تقویت دینے کا مطالبہ کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی یہ کوشش نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ پولیس حکام نے یقین دلایا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ معاشرے کو اس زہر سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
-------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر