نئی دہلی، 14 مارچ (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ہمانشو بھاؤ گینگ کے ایک سرگرم مجرم کو ہتھیار کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو پستول اور چار زندہ کارتوس برآمد کر لیے ہیں۔ گرفتار مجرم کی شناخت دیپک عرف روہت منڈلانا ساکن سونی پت، ہریانہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ دیپک عرف روہت منڈلانا کو ٹلو تاجپوریا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے حریف گوگی گینگ کے ایک رکن کو ختم کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ فی الحال پولیس پکڑے گئے مجرم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ کرائم برانچ کے ڈی سی پی امت کوشک نے جمعہ کو کہا کہ کرائم برانچ کی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ ہمانشو بھاؤ گینگ کا شارپ شوٹر دیپک عرف روہت کسی کے قتل کی سازش کر رہا ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد، پولیس ٹیم نے روہنی کے جاپانی پارک میں جال بچھا دیا اور ملزم کو جیسے ہی وہ پہنچا اسے پکڑ لیا۔ دوران تلاشی ملزمان سے دو پستول اور چار زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ پوچھ گچھ کے دوران روہت عرف دیپک منڈلانا نے ہمانشو بھاؤ کرائم سنڈیکیٹ کا رکن ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ گوگی گینگ کے ایک رکن کو قتل کرنے دہلی آیا تھا۔ اس نے انکشاف کیا کہ 2023 میں وہ جھجر میں نوین بالی-ہمانشو بھاؤ سنڈیکیٹ کے گینگ ممبروں سے رابطے میں آیا اور ان کے طرز زندگی سے متاثر ہوا۔ تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ وہ سوشل میڈیا پر نوین بالی اور ہمانشو بھاؤ گینگ کے غنڈوں کو فالو کرتا تھا اور 2023 میں جب وہ ہمانشو بھاؤ کے کچھ ساتھیوں سے ملا تو اس نے ان کے گینگ میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی۔ گینگ کے ارکان سے مسلسل رابطے کی وجہ سے تقریباً 15 دن پہلے روہت عرف دیپک منڈلانہ کو ٹِلّو تاجپوریہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے گوگی گینگ کے ایک رکن کو مارنے کا کام سونپا گیا تھا۔ اسے گینگ نے دو پستول اور چار کارتوس فراہم کیے تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی