حیدرآباد، 14 مارچ (ہ س)۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی آئی اے ایس نے حبشی گوڑہ، میڑچل اور سنگاریڈی سرکلس کے تحت سمر ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ میڑچل زون کے تحت بجلی سپلائی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں اور موسم گرما میں عوام کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ مشرف فاروقی نے میڑچل اور حبشی گوڑہ سرکلس میں گزشتہ سال کے مقابلہ بجلی طلب میں 25 تا 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ بجلی سپلائی کے نظام میں بہتری کے سبب حکام مذکورہ سرکلس میں بجلی سپلائی کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ میڑچل، امین پور، باچو پلی، پرگتی نگر، جیڈی میٹلہ، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ، میاں پور، پٹن چیرو اور میوری نگر علاقوں میں بجلی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ سابقہ تجربات کو دیکھتے ہوئے حکام نے فیلڈ لیول معائنہ کے ذریعہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ علاقہ میں 62 ایڈیشنل پاور ٹرانسفارمرس، 1081 ڈسٹریبیوشن ٹرانسفارمرس، 11کے وی کے 243 فیڈرس اور 33کے وی کے 37 فیڈرس کی تنصیب عمل میں آئی ہے۔ مشرف فاروقی نے نئی تنصیبات کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر مقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سمر ایکشن پلان پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائے۔ اِس موقع پر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے کمرشیل ڈائرکٹر سائی بابا، چیف انجینئر میڑچل زون کامیش، سپرنٹنڈنگ انجینئرس پی برہمم، روی کمار، سریناتھ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق