ممبئی میں مٹن اور چکن کی دکانوں پر بے پناہ بھیڑ
ممبئی، 14 مارچ (ہ س)۔ ریاست بھر میں دھول واڑی کے تہوار کی گہما گہمی
جاری ہے، جس کے سبب ممبئی سمیت مختلف شہروں میں چکن اور مٹن کی دکانوں پر غیر
معمولی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ دھول واڑی کے دن مٹن کھانے کی روایت کے پیش نظر شہری
بڑی تعداد میں گوشت خریدنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ چونکہ آج جمعہ
بھی ہے، اس لیے نان ویجیٹیرین کھانے کے شوقین افراد چکن اور مٹن کی دکانوں کے باہر
لمبی قطاروں میں انتظار کر رہے ہیں، جہاں انہیں دو سے تین گھنٹے تک اپنی باری کا
انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
گوشت کی طلب میں اضافے کے سبب مٹن کی قیمت میں بھی
اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی میں مٹن کی قیمت 840 روپے فی کلو جبکہ ناگپور میں 880 روپے فی
کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب، پمپری چنچواڑ میں بھی صبح سے ہی چکن اور مٹن کی
دکانوں کے باہر گاہکوں کا ہجوم ہے۔ لوگوں نے دھول واڑی اور جمعہ کی تعطیل کے موقع
پر گوشت کھانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کی وجہ سے مشہور مٹن کی دکانوں کے باہر صبح
سے ہی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
تھانے میں بھی مٹن کی دکانوں پر شہریوں کا رش لگا
ہوا ہے۔ جیسے ہی دھول واڑی اور جمعہ کا دن ایک ساتھ آیا، گوشت کھانے والوں کی تعداد
میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ نوپاڈا علاقے میں صبح ہی سے مٹن خریدنے کے لیے بڑی تعداد
میں لوگ قطاروں میں کھڑے ہیں۔ کچھ روز قبل مرغیوں میں برڈ فلو کے خدشے کے باعث چکن
کی فروخت میں کمی دیکھی گئی تھی، جس کی وجہ سے شہری مٹن خریدنے کو ترجیح دے رہے
ہیں۔ ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں کئی جگہوں پر چکن اور مٹن کی دکانوں کے باہر
آدھے کلومیٹر تک لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب، ممبئی کے میرین ڈرائیو علاقے میں صبح
سے ہی دھول واڑی کا رنگا رنگ جشن منایا جا رہا ہے۔ ہر عمر کے افراد، خصوصاً نوجوان
بڑی تعداد میں جمع ہو کر ایک دوسرے پر رنگ پھینک رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں
دھول واڑی کا تہوار جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان