نئی دہلی، 14 مارچ (ہ س)۔ ہندوستانی لیگ اسپنر یوزویندر چہل اس سال جون سے 2025 کے سیزن کے اختتام تک انگلش کاونٹی کلب نارتھمپٹن شائر کے لیے کھیلیں گے۔ وہ کاونٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ میچوں کے لیے ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے۔
چہل نے گزشتہ سال نارتھمپٹن شائر کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے لسٹ اے ڈیبیو میں کینٹ کے خلاف 5 وکٹیں دیکر 14 رن دیے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے کاونٹی چیمپئن شپ کے ڈویژن-2 میں 19 وکٹیں حاصل کیں جس میں ان کی اوسط 21.10 رہی۔ چہل نے چار میچوں میں دو پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس میں ڈربی شائر کے خلاف 5/45 کی کارکردگی شامل تھی۔ انہوں نے اس میچ میں 9/99 کے کیریئر کے بہترین فرسٹ کلاس اعداد و شمار ردرج کیے تھے۔
حالانکہ چہل نے 2023 سے ہندوستان کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے اور وہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے، لیکن وہ اب بھی ایک بہترین کلائی اسپنر کے طور پر مانگ میں ہیں۔
نومبر 2024 میں وہ آئی پی ایل کی نیلامی میں سب سے مہنگے اسپن بولر بن گئے جب پنجاب کنگز نے انہیں 18 کروڑ روپے (£1.6 ملین) میں خریدا۔ آئی پی ایل 2025 کا اختتام 25 مئی کو ہوگا جس کے بعد چہل انگلینڈ میں کاونٹی کرکٹ کھیلیں گے۔
چہل نے کلب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا، ’’مجھے گزشتہ سیزن میں یہاں کھیل کر بہت مزہ آیا، اس لیے میں واپس آ کر بہت خوش ہوں۔ اس ڈریسنگ روم میں کچھ شاندار لوگ ہیں، اور میں دوبارہ اس کا حصہ بننے کا منتظر ہوں۔ ہم نے گزشتہ سیزن کے اختتام پر بہترین کرکٹ کھیلی تھی، اور امید ہے کہ اس بار بھی ہم اسی کارکردگی کو دہرائیں گے اور کچھ شاندار جیت درج کریں گے۔‘‘
نارتھمپٹن شائر کے نئے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے چہل کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارے لیے دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک کی نارتھمپٹن شائر میں واپسی ایک شاندار خبر ہے۔ وہ بہت اچھا تجربہ لیکر آتے ہیں اور کرکٹ کے سچے عاشق ہیں۔ جون کے وسط سے سیزن کے اختتام تک ان کا دستیاب ہونا ہمارے لیے بہت فائدہ مند ہوگا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن