کولکاتہ، 05 فروری (ہ س)۔
مغربی بنگال ہیومن رائٹس کمیشن (ڈبلیو بی ایچ آر سی) نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کے خلاف مناسب کارروائی کرے ۔ سندیپ گھوش پر مالی بے ضابطگیوں اور اسپتال کے مردہ خانے میں نامعلوم لاشوں کے ساتھ بد سلوکی کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گھوش مبینہ طور پر نامعلوم لاشوں کے جسم کے اعضاء کی فروخت میں ملوث تھا جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لایا جاتا تھا۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اپنی تحقیقات میں پایا کہ 2021 سے ہر مالی سال میں اوسطاً 60 لاشوں کا کوئی ریکارڈ برقرار نہیں رکھا گیا۔
اگست 2023 میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے واقعے کے بعد یہ سارا معاملہ زور پکڑ گیا۔ تحقیقات میں اسپتال میں مبینہ نیکروفیلیا پورن رِنگ کے آپریشن کا بھی انکشاف ہوا، جس میں سندیپ گھوش اور اس کے قریبی ساتھیوں کا کردار ادا کرنے کا شبہ تھا۔
سی بی آئی کی چارج شیٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ سندیپ گھوش نے پرائیویٹ ٹھیکیداروں سے کام کروانے کے لیے ٹینڈر کے عمل میں ہیرا پھیری کی اور ریاست کے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے سیدھے ٹھیکے دئیے۔ تحقیقات میں یہ بھی پتہ چلا کہ گھوش کے پرنسپل بننے کے بعد ان کی دولت اور اثاثوں میں غیر متوقع طور پر اضافہ ہوا۔
سندیپ گھوش کے علاوہ اس معاملے میں چار دیگر ملزمان بھی عدالتی حراست میں ہیں، جن میں ان کے معاون اور محافظ افسر علی، پرائیویٹ کنٹریکٹر بپلب سنہا اور سمن ہزارا، اور جونیئر ڈاکٹر آشیش پانڈے شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ