علی گڑھ، 5 فروری (ہ س)۔سماجی خدمات کی اہمیت کو سمجھنا دورِ حاضر میں انتہائی ضروری ہے۔ اس سے ہمیں معاشرے میں تبدیلی لانے اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت اثر ڈالنے کا موقع ملتا ہے ان خیالات کا اظہار معروف صنعت کار اور المدد فاؤنڈیشن کے سرپرست خان محمد آصف نے کیا وہ آج تنظیم کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے،انھوں نے مزید کہا کہ آج معاشرے میں ہم سماجی خدمات کے ذریعے ہی ایک بہتر داغ بیل ڈال سکتے ہیں سماجی خدمت ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ہم غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں اور انہیں معاشرے میں مساوات اور انصاف دلانے میں مدد کر سکتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور سماجی خدمت کے ذریعے ہم معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کو بڑھا سکتے ہیں اور لوگوں کو ایک دوسرے سے جڑنے میں مدد کر سکتے ہیں۔اس موقع پر تنظیم کے صدر محمد عارف نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تنظیم سے جوڑیں اور انکی فلاح بہبودی کے لئے کام انجام دیں،انھوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد ہے کہ سماجی خدمت کے ذریعے ہم اپنی ذاتی ترقی میں بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو مزید بامقصد بنا سکتے ہیں۔انھوں نے علی گڑھ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد المداد فاؤنڈیشن میں شامل ہوں تاکہ سبھی لوگ متحدہ طور پر مظلومین کی فلاح و بہبود کے لیے اچھا کام کرسکیں۔اس موقع پر المدد فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد سلیمان، سیکرٹری محمد ہاشم،جوائنٹ سیکرٹری محمدشانو، خزانچی محمد سلمان، ترجمان محمد الیاس،ایگزیکوٹو ممبران میں رفیق، مظہر اختر انصاری، شاہد، مراد بچن، راجہ وغیرہ موجود تھے سبھی نے کہا کہ یہ ایک اچھی پہل ہے کہ جس کے سماجی کاموں کے ذریعے ہم معاشرے کے کمزور طبقوں کی مدد کر سکتے ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ کر سکتے ہیں اور معاشرے میں مساوات اور انصاف حاصل کرنے میں ان کی مدد کر سکتے ہیں تو آئیے ہم مل کر سماجی کام کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنے معاشرے کو بہتر بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ