نئی دہلی، 04 فروری (ہ س)۔ مرکزی ٹیکسٹائل سکریٹری نیلم شمی راو¿ نے منگل کے روز بھارت ٹیکس 2025 کے انعقاد میں ٹیکسٹائل صنعت کے اداروں کی فعال کوششوں کی ستائش کی۔ اسے اب تک کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ جامع ٹیکسٹائل ایونٹ قرار دیتے ہوئے، انہوں نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسلز اور دیگر صنعتی اداروں کے عزم کی تعریف کی جنہوں نے ٹیکسٹائل کی پوری ویلیو چین کو بھارت ٹیکس کے تحت لانے کے لیے انتھک محنت کی۔
ٹیکسٹائل سکریٹری نے صنعت بھون میں بھارت ٹیکس 2025 ایپ اور ویب سائٹ کے اجرا کے موقع پر اپنے خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انڈیا ٹیکس ایک قابل اعتماد، پائیدار سورسنگ منزل کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ہندوستان کی کشش کی تصدیق کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورا ایونٹ عالمی ٹیکسٹائل سپر پاور بننے کے ہندوستان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ٹیکسٹائل کی وزارت کے تعاون سے اور 11 سرکردہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اداروں کے ذریعے منعقدہ انڈیا ٹیکس 2025 ہندوستان کے کپڑا شعبے کے تنوع، پیمانے اور صلاحیت کو ظاہر کرنے والی ایک تاریخی تقریب ہے۔ 2.2 ملین مربع فٹ کے رقبے پرمحیط اس پروگرام میں 5,000 سے زائد نمائش کنندگان، 120 ممالک کے 6,000 بین الاقوامی خریداروں اور 1,20,000 سے زائد زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ ایونٹ میں 70 سے زیادہ کانفرنس سیشن، گول میز کانفرنس اور ماسٹر کلاسز بھی ہوں گی جن میں تقریباً 100 بین الاقوامی مقررین شامل ہوں گے۔
نئی خصوصیات کے اضافے کے ساتھ بھارت ٹیکس 2025 اپنے پچھلے ایڈیشن سے بھی بہتر ہونے جا رہا ہے۔ اس کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ تقریب 14 سے 17 فروری 2025 تک بھارت منڈپم، کیپٹل نئی دہلی میں اور 12 سے 15 فروری 2025 تک انڈیا ایکسپو سینٹر اینڈ مارٹ، گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد