اے ایم یو کے کلب فار شارٹ ایوننگ کورسز کی جانب سے تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 4 فروری (ہ س)۔ کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے کلب فار شارٹ ایوننگ کورسز نے پروگرام مینجمنٹ، پرزنٹیشن کے ہنر اور تقریری صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے تین روزہ ورکشاپ بعنوان ”کمیونی کرافٹ“ کا اہتمام کیا، جس میں پہلے دن اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے طلباء کو ایونٹ مینجمنٹ میں تربیت دینے کی اہمیت پر زور دیا اور اسی طرح کی ورکشاپ طلبہ کے ہاسٹلز میں بھی منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔
کلب کے صدر اور چیف ریسورس پرسن ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے پروگرام مینجمنٹ میں پروگرام کی مکمل ترتیب اور ہر منٹ میں کیا ہوگا اس کی اہمیت پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انھوں نے نظامت کے فن پر بھی شرکاء کی رہنمائی کی اور اپنے تجربات کے حوالے سے شرکاء کو نظامت کی باریکیاں سمجھائیں۔
کلچرل ایجوکیشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد نوید خان نے اس پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔
ورکشاپ کے دوسرے دن اے ایم یو کے شعبہ کامرس کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد صائم خان نے ”پرزنٹیشن اسکلز بوٹ کیمپ“ کی قیادت کی اور سامعین و حاضرین کے تجزیہ، آواز کی تبدیلی اور مواد کی ترسیل پر روشنی ڈالی۔انھوں نے اعتماد پیدا کرنے اور سامعین کو مؤثر طریقے سے مشغول رکھنے کی تکنیک پر بھی گفتگو کی۔ سوال و جواب کے سیشن میں انھوں نے طلبہ کے شکوک و شبہات دور کئے۔
تیسرے دن آخری سیشن میں تقریری صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے پروفیسر محمد محب الحق (مینٹر، یوڈی ایل سی) نے تقریری لب و لہجہ، اعتماد، باڈی لینگویج اور سامعین کو متاثر کرنے کے ہنر پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے باتوں کو مدلل طریقہ سے پیش کرنے کے ہنر پر بھی بات چیت کی۔ سیشن کا اختتام کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔
کلب کے سکریٹری مسٹر محمد ابدال نے ورکشاپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، جب کہ کلب کی ایک سینئر رکن اوفی عالم نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
ہندوستھا ن سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ