نئی دہلی، 11 فروری (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے منگل کو راجیہ سبھا میں کہا کہ اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت بالواسطہ ٹیکسوں ،اس کے نفاذ کے بعد سے گزشتہ کچھ برسوں میںمیں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بالواسطہ ٹیکس نظام کے تحت اوسط ٹیکس 15.8 فیصد تھا، جو جی ایس ٹی کے تحت کم ہو کر 11.3 فیصد پر آ گیا ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران جی ایس ٹی کی درجہ بندی اور ٹیکس سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سے گزشتہ کچھ سالوں میں بالواسطہ ٹیکسوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا،”پہلے، روزمرہ کی اشیاء پر 15.8 فیصد ٹیکس عائد کیا جاتا تھا۔ اب جی ایس ٹی کے تحت، شرحیں کم ہو کر11.3 فیصد پر آ گئی ہیں۔“ سیتا رمن نے کہا کہ جی ایس ٹی کے تحت کسی بھی اشیاء پر ٹیکس نہیں بڑھا ہے، بلکہ کئی اشیاء پر ٹیکس کم کیا گیا ہے۔
سیتا رمن نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل میں ریاستی حکومتوں کے وزرائے خزانہ مل بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ جی ایس ٹی کونسل میں ہر وزیر خزانہ کے لیے میں یہ کہنا چاہوں گی کہ انھوں نے ہر چیز پر تفصیل سے غور کیا ہے کہ کہاں کہاں شرحیں کم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ ہر ریاست کا ہر وزیر خزانہ جی ایس ٹی کو آسان بنانے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد