
اورئی، 29 دسمبر (ہ س)۔ اتر پردیش میں اورئی ضلع کے ڈکور تھانہ علاقے کے تحت آنے والے کشملیہ گاؤں میں گیارہویں جماعت کی ایک طالبہ نے اپنا مطلوبہ آئی فون نہ ملنے پر زہر کھا کر خودکشی کر لی۔ طالبہ دو دن سے اپنے والد سے آئی فون کا مطالبہ کر رہی تھی۔ جب اس کا مطالبہ پورا نہ ہوا تو اس نے اپنی جان لے لی۔ اسے علاج کے لیے جھانسی ریفر کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
یہ پورا واقعہ جالون ضلع کے ڈکور تھانہ علاقے کے تحت کشملیہ گاؤں میں پیش آیا۔ 11ویں جماعت کی طالبہ مایا (16) کئی دنوں سے اپنے والد تلسی رام راجپوت سے آئی فون لینے کے لیے اصرار کر رہی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق طالبہ نے دو روز قبل اپنے والد سے کہا تھا کہ اگر آپ نے مجھے دو دن میں آئی فون نہ دیا تو میں مر جاؤں گی۔
اس کے بعد ہفتہ کو والدین معمول کے مطابق کام پر گئے، اس دوران طالبہ نے گھر میں زہریلی چیز کھا لی۔ جب اس کی طبیعت خراب ہوئی تو گھر والوں نے اسے فوری طور پر اورئی میڈیکل کالج میں داخل کرایا، جہاں سے حالت سنگین ہونے پر اسے جھانسی میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔ یہاں علاج کے دوران طالبہ کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اتوار کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ واقعہ سے اہل خانہ سوگوار ہیں۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔ ادھر سی او ارچنا سنگھ نے بتایا کہ طالبہ نے زہر کھا کر خودکشی کی ہے۔ اہل خانہ نے اتوار کی شام کو اس کی اطلاع دی۔ فی الحال اہل خانہ کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد