منریگا کو ختم کرنے کے فیصلے پر احتجاج،شملہ میں دھرنے پر بیٹھی ہماچل کابینہ
شملہ، 29 دسمبر (ہ س)۔ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف ہماچل پردیش میں مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔ پیر کو ریاستی کابینہ نے شملہ کے تاریخی رج میدان پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے س
منریگا کو ختم کرنے کے فیصلے پر احتجاج،شملہ میں دھرنے پر بیٹھی ہماچل کابینہ


شملہ، 29 دسمبر (ہ س)۔ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف ہماچل پردیش میں مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔ پیر کو ریاستی کابینہ نے شملہ کے تاریخی رج میدان پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے پرامن دھرنا دے کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے دھرنے کی قیادت کی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ونے سنگھ، نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری، تمام کابینہ وزراءاور پارٹی کے سینئر لیڈر احتجاج میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا کہ منریگا اسکیم برسوں سے دیہی غریبوں کے لیے روزگار کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اس اسکیم کو ختم کرکے ایک نیا نظام نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس سے ہماچل جیسی پہاڑی ریاستوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منریگا کو کمزور کرنے سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع کم ہوں گے اور اس سے سڑکیں، رابطہ کاری، آبپاشی پراجکٹس، تالاب اور دیگر ضروری ترقیاتی کام بھی متاثر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم صرف اجرت تک محدود نہیں ہے بلکہ دیہی انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے کا ایک بڑا ذریعہ رہی ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری نے منریگا کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی دور اندیشانہ سوچ کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ منریگا نے دیہی ترقی اور خود انحصاری کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ مکیش اگنی ہوتری نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت مہاتما گاندھی کے نظریہ کے برعکس کام کر رہی ہے اور اسکیموں سے گاندھی کا نام ہٹانا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کو 12 ماہ سے کم کر کے 10 ماہ کرنا اور اسے مرکزی حکومت کے نوٹیفکیشن پر منحصر کرنا پنچایتی راج نظام کی بنیادی روح پر سیدھا حملہ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے انتباہ دیا کہ اگر مرکزی حکومت نے منریگا سے متعلق اپنے فیصلوں کو واپس نہیں لیا تو ریاستی حکومت تحریک کو تیز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو منریگا کی حمایت میں احتجاج کو بلاک سطح تک لے جایا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande