
جموں, 28 دسمبر (ہ س)۔
جموں میں اتوار کے روز جموں و کشمیر پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ ’رن فار یونٹی‘ میراتھن میں آٹھ سے 80 برس کی عمر کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے آٹھ ہزار سے زائد دوڑنے والوں نے شرکت کی۔پولیس ترجمان کے مطابق میراتھن کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈکوارٹرز) ایم کے سنہا اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آرمڈ آنند جین نے گُلشن گراؤنڈ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ میراتھن شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی دوبارہ گُلشن گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ میراتھن میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، کھیلوں کی تنظیموں کے اراکین، پولیس اہلکاروں اور معمر شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف زمروں میں کامیابی حاصل کرنے والے شرکاء کو نقد انعامات اور اسناد سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکاء کو ٹی شرٹس، اختتامی میڈلز اور ریفریشمنٹ فراہم کی گئی۔
اس موقع پر اے ڈی جی ہیڈکوارٹرز ایم کے سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اپنے سوِک ایکشن پروگرام کے تحت سرمائی دارالحکومت جموں میں باقاعدگی سے کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کا انعقاد کر رہی ہے، جنہیں بالخصوص نوجوانوں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد کھیلوں کی صلاحیتوں کی شناخت اور ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ صحت مند، مثبت اور باوقار طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر