
حیدرآباد، 28 دسمبر (ہ س)۔ نئے سال کے جشن کے موقع پر حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کے خطرات سے واقف کروانے کے لئے پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے اپنے منفرد اور طنزیہ انداز میں چند دلچسپ ٹویٹس کئے ہیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
کمشنر نے عوام کو سخت انتباہ دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔سی پی سجنار نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا۔میاں، ڈرنک کیاہے تو اسٹیرنگ کو سلام کرو اور کیب میں گھرجاؤ۔ گوگل پر کیب بک کرو، وکیل کو تلاش کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔انہوں نے واضح کیا کہ نشہ کے بعد ڈرائیونگ کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ یا کیب کا انتخاب کرنا ہی عقلمندی ہے۔ایک اور دلچسپ ٹویٹ میں انہوں نے ان افرادکو نشانہ بنایا جو پولیس کی تلاشی کے دوران بااثر رشتہ داروں کا حوالہ دیتے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہمارے عہدیداروں سے یہ نہ پوچھیں کہ میرے ڈیڈی کون ہیں،میرے انکل کون ہیں، یا میرے بھائی کون ہیں۔ ہم آپ کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہیں۔ بس گاڑی ایک طرف کھڑی کریں اور پھر پیشی کی تاریخ والے دن عدالت میں اطمینان سے اپنا تعارف کروائیں!کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے پرپولیس قطعی رعایت نہ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نئے سال کے موقع پر سڑک حادثات کو روکنے پولیس نے شہر بھر میں سخت ناکہ بندی اور تلاشی کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور نئے سال کا استقبال ذمہ داری کے ساتھ کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق