
مانچسٹر، 27 دسمبر (ہ س)۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے جمعہ کو کھیلے گئے سال کے واحد باکسنگ ڈے مقابلے میں نیوکیسل یونائیٹڈ کو 0-1 سے ہرا کر پریمیئر لیگ پوائنٹس ٹیبل میں 5 ویں مقام پر چھلانگ لگا دی۔ یونائیٹڈ کے لیے پیٹرک ڈورگو نے پہلے ہاف میں فیصلہ کن گول داغا۔
روبین اموریم کی رہنمائی میں کھیل رہی مانچسٹر یونائیٹڈ نے اس جیت کے ساتھ 18 میچوں میں 29 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ وہیں نیوکیسل یونائیٹڈ 23 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں مقام پر برقرار ہے۔ لیگ کے باقی مقابلے ہفتہ اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
میچ کا واحد گول 24 ویں منٹ میں آیا۔ ڈیوگو ڈالوٹ کے لمبے تھرو کو نیوکیسل کی دفاعی لائن پوری طرح صاف نہیں کر پائی اور گیند پیٹرک ڈورگو کے پاس جا گری۔
ڈنمارک کے اس کھلاڑی نے 15 گز کی دوری سے زوردار والی لگاتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ کے نچلے بائیں کونے میں پہنچا دیا۔ یہ ڈورگو کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے پہلا گول رہا۔
دوسرے ہاف میں نیوکیسل نے برابری کے لیے زور لگایا، خاص طور پر آخری منٹوں میں، لیکن یونائیٹڈ کی مضبوط دفاعی لائن کو توڑنے میں وہ ناکام رہا۔ خاص بات یہ رہی کہ مانچسٹر یونائیٹڈ اس میچ میں اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کے بغیر اترا تھا۔ کپتان برونو فرنانڈیس چوٹ کے سبب باہر تھے، جبکہ برائن ایمبیومو اور عماد ڈیالو افریقہ کپ آف نیشنز میں مصروف ہیں۔
یہ مقابلہ 43 سالوں میں باکسنگ ڈے پر کھیلا گیا سب سے کم پریمیئر لیگ میچوں والا دن بھی رہا۔ عام طور پر باکسنگ ڈے پر ناظرین کو کئی بڑے مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن اس بار روایت سے ہٹ کر صرف ایک ہی اعلیٰ سطحی میچ کھیلا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن