
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں تعزیتی نشست منعقد
علی گڑھ, 26 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں اسکول کے پرائمری سیکشن کے کمپیوٹر ٹیچر جناب راؤ دانش ہلال کے انتقال پر ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔ اس موقع پر اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ اسکول احاطے میں جمع ہوئے، مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پرنسپل اِن چارج جناب معین الدین خاں نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب دانش ہلال کی مخلصانہ خدمات اور ادارے کے لیے ان کے قیمتی تعاون کو سراہا۔
تعزیت پیش کرتے ہوئے اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) کی نائب پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے مرحوم استاد کی تعلیمی خدمات، لگن اور خلوص کو یاد کیا اور غم کی اس گھڑی میں ہمدردی اور اجتماعی حوصلے کی اہمیت پر زور دیا۔ سینئر اساتذہ جناب محمد آصف، جناب رئیس احمد، جناب شمشاد نثار اعظمی اور جناب محمد اعظم حسین نے بھی اپنے تعزیتی کلمات پیش کیے۔ نشست کا اختتام مولانا ڈاکٹر شعیب احمد ندوی کی دعا پر ہوا، جس میں مرحوم کی مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ