
تمل ناڈو میں تروچراپلی نیشنل ہائی وے پر بس دو کاروں سے ٹکرائی، سات ہلاک
کدالور، 25 دسمبر (ہ س)۔ تمل ناڈو میں تروچراپلی-چنئی نیشنل ہائی وے پر رات کو پیش آئے سڑک حادثے میں 7 لوگوں کی جان چلی گئی۔ یہ حادثہ ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہوئی تمل ناڈو اسٹیٹ ایکسپریس ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس کے دو کاروں سے ٹکرانے کی وجہ سے ہوا۔
پولیس افسران کے مطابق، یہ بس تروچراپلی سے چنئی جا رہی تھی۔ کدالور ضلع کے تٹکوڑی کے اپتورو علاقے میں اچانک بس کا ٹائر پھٹ گیا۔ اس سے ڈرائیور کا بس سے کنٹرول کھو گیا۔ بے قابو بس بیریئر توڑتے ہوئے مخالف سمت میں چلی گئی اور چنئی سے تروچراپلی جا رہی دو کاروں سے ٹکرا گئی۔
دونوں کاریں بس کے نیچے پھنس کر چکناچور ہو گئیں۔ کاروں میں سفر کر رہے 7 لوگوں کی موقع پر موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق، حادثے کے سبب ہائی وے پر ٹریفک درہم برہم ہو گیا۔ بس ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن