



گوالیار، 25 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ’ابھیودے ایم پی گروتھ سمٹ‘ کے تحت جمعرات کو گوالیار میں 2 لاکھ کروڑ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔
سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی 101 ویں جینتی کے موقع پر مدھیہ پردیش کے گوالیار میں میلہ گراونڈ میں منعقد ’ابھیودے مدھیہ پردیش گروتھ سمٹ‘ کا جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اٹل جی کی تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کر کے آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تقریباً دو لاکھ کروڑ روپے کے صنعتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا، جس سے ریاست میں تقریباً 1.93 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ شاہ اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ایم پی گروتھ سمٹ میں لگی نمائش کا معائنہ کیا۔ سمٹ کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گوالیار میلے کا افتتاح کیا اور اٹل میوزیم کے تجدیدی کام کو بھی عوام کے نام وقف کیا۔ اس سمٹ میں تقریباً 25 ہزار مستفیدین اور ہزاروں صنعت کار اور سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور صنعتی ترقی کو نئی سمت دینا ہے۔ پروگرام میں مرکزی وزیر مواصلات جیوترادتیہ سندھیا، اسمبلی اسپیکر نریندر سنگھ تومر، ریاستی بی جے پی صدر ہیمنت کھنڈیل وال سمیت کئی سینئر وزرا اور عوامی نمائندے موجود تھے۔
اس موقع پر امت شاہ نے جیوترادتیہ سندھیا کو راجہ صاحب کہہ کر مخاطب کیا۔ اسٹیج سے یہ سن کر عوام نے خوب تالیاں بجائیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ گوالیار کی زمین معمولی نہیں ہے۔ یہی وہ زمین ہے جہاں تان سین کی پیدائش ہوئی اور گوالیار گھرانے کے متعدد عظیم موسیقاروں نے اپنی ریاضت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی زمین نے اٹل بہاری واجپئی جیسے عظیم لیڈر ملک کو دیا۔ یہیں سے نکل کر اٹل جی نے جدوجہد کی اور آج پورا ملک انہیں پیار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ملک کی سب سے بڑی قبائلی آبادی ہے۔ اٹل جی سے پہلے قبائلیوں کے لیے نہ تو کوئی ٹھوس منصوبہ تھا اور نہ ہی کوئی علیحدہ محکمہ، جس سے ان کی ترقی اور بہبود کا کام ہو سکے۔ اٹل بہاری واجپئی نے قبائلیوں کی فلاح و بہبود کے لیے علیحدہ قبائلی محکمہ تشکیل دیا اور ان کے حقوق کو مضبوطی دی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں مدھیہ پردیش حکومت ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے اور ملک کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے میں اپنا اہم تعاون دے رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے مطابق یہ گروتھ سمٹ صرف سرمایہ کاری کی تجاویز اور صنعتی اعلانات تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں صنعت، شہری ترقی، سیاحت، ایم ایس ایم ای، اسٹارٹ اپ اور روزگار کو ایک ساتھ آگے بڑھانے کا جامع وژن پیش کیا گیا ہے۔ سمٹ کے ذریعے مدھیہ پردیش کے ترقیاتی ماڈل کو ایک نئے اور وسیع نقطہ نظر کے ساتھ ملک اور دنیا کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن