
حیدرآباد، 25 دسمبر (ہ س)۔ صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے نامپلی چیاپل روڈ پر واقع میتھوڈسٹ چرچ میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کویتا نے عقیدت کے ساتھ دعا کی اور ریاست تلنگانہ کے عوام کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی۔کلواکنٹلہ کویتا نے میتھوڈسٹ چرچ سے اپنے بچپن کے تعلق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ ان کی زندگی میں روحانی سکون اور باہمی بھائی چارے کی علامت رہی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ کرسمس کا یہ بابرکت موقع ریاست میں امن، محبت، ہم آہنگی اور خوشحالی لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کا پیغام انسانیت، اخوت اور خدمت خلق ہے اور ایسے مواقع سماج میں باہمی احترام اور اتحاد کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق