
احمد آباد، 25 دسمبر (ہ س)۔ گجرات قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جیٹھا بھائی بھرواڑ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ گجرات اسمبلی کے اسپیکر شنکر چودھری کو پیش کیا جسے فوری طور پر قبول کر لیا گیا۔ اگرچہ ان کے استعفے کی وجوہات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، لیکن اس پیشرفت سے ریاست کے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیاہے۔
جیٹھا بھائی نے اپنے استعفیٰ کی وجوہات کے طور پر ضرورت سے زیادہ کام کا بوجھ، مختلف کوآپریٹو تنظیموں سے متعلق ذمہ داریوں اور سماجی وابستگیوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، بی جے پی کے ریاستی صدر جگدیش وشوکرما اور ریاستی تنظیمی وزیر رتناکر کی موجودگی میں اسمبلی اسپیکر کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔
استعفیٰ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جیٹھا بھائی نے کہا، ”جو لوگ چرچا کرنا چاہتے ہیں ،وہ کرتے رہیں گے۔ میں نے مکمل طور پر رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے۔ کام کا بوجھ بہت زیادہ تھا، اس لیے میں نے یہ فیصلہ کیا۔ میرا ماننا ہے کہ دوسروں کو بھی مواقع ملنے چاہئیں اور یہی میرے استعفے کا مقصد ہے۔“
کون ہیں جیٹھا بھائی بھرواڑ ؟
جیٹھا بھائی بھرواڑ کو گجرات کے سینئر اور بااثر لیڈروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ہیں اور طویل عرصے سے سیاست میں سرگرم ہیں۔ وہ پنچ محل ضلع کی شہرا اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں اور 2012، 2017 اور 2022 میںمسلسل اس سیٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔ وہ گجرات قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سیاست کے علاوہ کوآپریٹو سیکٹر میں بھی ان کی مضبوط موجودگی ہے۔ وہ پنچامرت ڈیری کے چیئرمین کے طور پر بلا مقابلہ منتخب ہوئے اور نیشنل ایگریکلچر کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اپنے علاقے میں مضبوط گرفت اور تنظیمی تجربے کی وجہ سے جیٹھا بھائی بھرواڑ کو گجرات کی سیاست میں ایک اہم رہنما سمجھا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد