
مسافر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 18 فیصد اضافہ
جموں, 24 دسمبر (ہ س)جموں و کشمیر حکومت نے مسافر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 18 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ کرایہ نظرثانی کمیٹی کے تفصیلی غور و خوض کے بعد لیا گیا، جس کا اجلاس جموں میں سول سکریٹریٹ میں پرنسپل سکریٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹر نمائندوں نے مسافر کرایوں میں 40 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی، جس کی وجہ آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ بتایا گیا۔ کمیٹی نے اس تجویز پر جامع بحث کی اور اس دوران اسپیئر پارٹس کی قیمتوں میں اضافہ، ایندھن سے متعلق اخراجات، ٹیکس، دیکھ بھال اور دیگر عملی اخراجات جیسے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مکمل لاگت تجزیہ رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔
کمیٹی نے ٹرانسپورٹروں کے جائز مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات کو بھی مدنظر رکھا کہ کرایوں میں اضافے کا عام لوگوں پر کیا سماجی و معاشی اثر پڑے گا، تاکہ مسافروں پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ آئے۔طویل مشاورت اور تمام متعلقہ فریقوں کے اتفاقِ رائے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ جموں و کشمیر میں چلنے والی تمام اقسام کی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 18 فیصد اضافہ نافذ کیا جائے گا۔ نظرثانی شدہ کرایے یکم جنوری 2026 سے لاگو ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر