
لندن/ شاپ شائر، 22 دسمبر (ہ س)۔ انگلینڈ کے شہر شاپ شائر میں ایک تاریخی نہر میں اچانک ایک بہت بڑا سنکہول بن گیا جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس واقعے میں دو کینال بوٹ گہرے کیچڑ میں پھنس گئیں، جب کہ ایک اور کشتی غیرمتوازن ہو کرگڑھے کے کنارے جھک گئی۔۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی سروسز نے اسے ایک بڑا واقعہ قرار دیا۔
شاپ شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق، وِہیچرچ قصبے کے قریب شاپ شائر یونین کینال پر تقریباً 50 بائی 50 میٹر کے علاقے میں زمین بڑے پیمانے پر دھنس گئی ہے۔ پیر کو مقامی وقت کے مطابق، صبح 5:17 بجے کے قریب ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا تھا، حالانکہ بعد میں صورتحال کو مستحکم قرار دیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ کشتیوں پر فی الحال کسی کے پھنسے ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ غیر مستحکم زمین اور تیز بہنے والے پانی کے درمیان مشکل حالات میں کام کرنے والی ریسکیو ٹیموں نے 10 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ریجنل مینیجر اسکاٹ ہرفورڈ نے کہا کہ تلاش اور بچاو¿ آپریشن کو اب ختم کر دیا گیا ہے تاہم لوگوں کو احتیاط کے طور پر علاقے سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔دریں اثنا، کینال اینڈ ریور ٹرسٹ، برطانیہ کی سب سے بڑی کنال کنزرویشن آرگنائزیشن نے کہا کہ واقعے کی وجہ کے بارے میں ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تنظیم نے کہا کہ متاثرہ حصے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور اولین ترجیح کشتی چلانے والوں اور قریبی رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
اس واقعے نے ایک بار پھر برطانیہ کے پرانے نہری نظاموں کی ساختی حفاظت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد