
اندور، 21 دسمبر (ہ س)۔
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے اتوار کے روز کہا کہ بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی ایک جدید، خود اعتمادی اور انسانیت سے بھرے ہندوستان کے معمار تھے، جنہوں نے سیاست کو وقار، حساسیت اور اصولوں کے ساتھ نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
نائب صدر رادھا کرشنن نے مدھیہ پردیش کے اندور میں اٹل فاو¿نڈیشن کی طرف سے اٹل بہاری واجپئی کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان اپنے اعمال سے عظیم بنتا ہے۔ تمل متن تھروکورل کے ایک اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی ایک عام آدمی نہیں تھے بلکہ اپنے آپ میں ایک مشن تھے، اپنے اصولوں اور اقدار میں ہمیشہ اٹل رہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کو ایک سیاست دان، منتظم، رکن پارلیمنٹ، اور شاعر کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے۔ وہ مکالمے، جامع ترقی اور مضبوط لیکن انسانی طرز حکمرانی پر گہرا یقین رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی یوم پیدائش کو گڈ گورننس ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔
تقریب کے دوران نائب صدر جمہوریہ نے ڈیلی کالج کیمپس میں دیوی اہلیہ بائی ہولکر کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی۔ انہوں نے اہلیہ بائی ہولکر کو ایک وژنری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وقف حکمراں قرار دیا۔ انہوں نے شہر کے باشندوں کو بھی مبارکباد دی کہ اندور کو مسلسل ملک کے سب سے صاف شہر کا درجہ دیا گیا اور اسے اجتماعی شہری ذمہ داری کی مثال قرار دیا۔اس موقع پر مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ