
علی گڑھ, 19 دسمبر (ہ س)۔
اے ایم یو کے احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ میں منعقدہ فٹ انڈیا ہفتہ میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ پروگرام کا افتتاح اے ایم یو کے ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر قدسیہ تحسین نے پرنسپل ڈاکٹر نائلہ رشید کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ اور عملے کو فٹ انڈیا کا حلف دلایا گیااور فٹنس اور صحت مند زندگی کے عزم کی تجدید کی گئی۔ ربن ڈرل اور یوگ ڈانس سمیت ثقافتی پروگراموں نے جسمانی سرگرمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی ٹیموں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ توجہ کا مرکز رہا۔ لڑکوں کے زمرے میں راجا مہندر پرتاپ سنگھ اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سیدنا طاہر سیف الدین اسکول (ایس ٹی ایس) رنر اپ رہا۔ لڑکیوں کے زمرے میں اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول نے اول مقام حاصل کیا، جبکہ احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ کی ٹیم دوسرے مقام پر رہی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر قدسیہ تحسین نے فٹنس اور سبھی کی شمولیت کو فروغ دینے کے تئیں اسکول کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ ڈاکٹر نائلہ رشید نے صحت مند طرز زندگی کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر میں میڈلز اور اسناد پیش کی گئیں۔ پروگرام کا اہتمام مسٹر عادل جلیل، مسٹر سراج الدین شیخ، علیکہ تبسم، مارم فاطمہ، ثنا شمشاد اور حمیرا رئیس کی کاوشوں سے کیا گیا، جبکہ نظامت کے فرائض ارم فاطمہ نے انجام دئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ