
نیوپورٹ بیچ (کیلیفورنیا) امریکہ، 18 دسمبر (ہ س)۔ معروف جنگی نامہ نگار پیٹر آرنیٹ نہیں رہے۔ عالمی صحافت کے سب سے باوقار پلٹزر پرائز یافتہ آرنیٹ نے بدھ کو نیوپورٹ بیچ شہر میں 91 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ اپنی زندگی کے دوران، انہوں نے کئی دہائیوں تک گولیوں اور بموں سے بچتے ہوئے دنیا کو ویتنام کے چاول کے کھیتوں سے لے کر عراق کے صحراؤں تک جنگ کی عینی شاہد کہانیاں دکھانے کا کام کیا۔
دی گارڈین کی خبر کے مطابق، آرنیٹ نے 1966 میں ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے لیے ویتنام کی جنگ کی کوریج کے لیے بین الاقوامی رپورٹنگ کا پلٹزر انعام جیتا تھا۔ ان کے بیٹے اینڈریو آرنیٹ نے کہا کہ وہ اپنے آخری لمحات میں دوستوں اور اہل خانہ سے گھرے ہوئے تھے۔ وہ ہفتے کے روز پروسٹیٹ کینسر کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔
انہوں نے 1962 سے 1975 کے دوران جنگ کے خاتمے تک ویتنام سے رپورٹنگ کی۔ 1991 میں پہلی خلیجی جنگ کے دوران سی این این کے لیے لائیو اپ ڈیٹس نشر کرنے کے بعد وہ ایک گھریلو نام بن گئے۔ آرنیٹ اے پی میں انڈونیشیا کے نمائندے کے طور پر شامل ہونے کے صرف ایک سال بعد ویتنام پہنچے۔ وہ 1975 تک وہاں رہے۔ آرنیٹ 1981 تک اے پی کے ساتھ رہے، اس کے بعد سی این این میں شمولیت اختیار کی۔
دس سال بعد وہ ایک اور جنگ کی کوریج کے لیے بغداد واپس آئے۔ انہوں نے نہ صرف لڑائی کے اگلے مورچوں پر رپورٹنگ کی بلکہ اس وقت کے صدر صدام حسین اور اسامہ بن لادن کے ساتھ متنازعہ انٹرویوز بھی کئے۔ آرنیٹ نے 1999 میں سی این این چھوڑ دیا۔ انہوں نے 2003 میں این بی سی اور نیشنل جیوگرافک کے لیے دوسری خلیجی جنگ کی کوریج کی۔
آرنیٹ نے تائیوان، متحدہ عرب امارات اور بیلجیئم میں اسٹیشنوں کے لیے بھی کام کیا۔ 2007 میں، انہوں نے چین کی شانتو یونیورسٹی میں صحافت کی تدریس کی ملازمت اختیار کی۔ 2014 میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد، وہ اور ان کی اہلیہ، نینا نگوین، فاؤنٹین ویلی کے جنوبی کیلیفورنیا کے مضافاتی علاقے میں چلے گئے۔ 13 نومبر 1934 کو ریورٹن، نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے، آرنیٹ نے ہائی اسکول کے فوراً بعد مقامی ساؤتھ لینڈ ٹائمز میں ملازمت اختیار کی۔ انہوں نے بنکاک ورلڈ کے لیے بھی کام کیا۔ ارنیٹ کے پسماندگان میں ان کی بیوی اور ان کے بچے ایلسا اور اینڈریو ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد