
نئی دہلی،09نومبر(ہ س)۔دہلی کے موجپور میں واقع مدرسہ مصباح العلوم (ساحل پبلک اسکول) میں باغ ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یومِ اردو کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت سوسائٹی کے معزز صدر ایڈووکیٹ سیّد ریاض الحسن نے کی۔ اپنے پرمغز خطاب میں انہوں نے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ گنگا جمنی تہذیب کی پہچان اور محبّت کی زبان ہے، جسے نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمّے داری ہے۔تقریب کے دوران قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے تحت منعقدہ ایک سالہ اردو ڈپلومہ کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد تقسیم کی گئیں۔ ایڈووکیٹ سیّد ریاض الحسن نے ان کامیاب طلبہ کو روشن مستقبل کے لیے نیک تمنّاوں کے ساتھ مبارکباد پیش کی۔مدرسے کے طلبہ نے نعت، نظم، غزل اور ادبی مکالموں پر مشتمل دلکش پیشکشوں کے ذریعے اردو کی خوبصورتی اور تہذیبی گہرائی کو نہایت موثر انداز میں اجاگر کیا۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔یہ تقریب تعلیم، ادب اور ثقافت کے فروغ کے میدان میں باغ ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی مخلصانہ کاوشوں اور عزمِ نو کی خوبصورت مثال بنی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais